سکھر میں ریلوے کوارٹرز خالی کرانے کے نوٹس پر بڑا احتجاج! درجنوں خاندان سڑکوں پر نکل آئے

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)سکھر کے علاقے ٹکر محلہ اور ایوب گیٹ کری کوارٹر کے مکینوں نے ریلوے کی جانب سے کوارٹرز خالی کروانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین، بچے، بزرگ اور دیگر رہائشیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مظاہرین انور پراچہ ہسپتال کے سامنے جمع ہو کر ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 40 سے 50 برسوں سے ان ریلوے کوارٹرز میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے بزرگ بھی ریلوے کے ملازم رہ چکے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ یہ کوارٹرز پہلے ہی خستہ حال اور ناقابلِ رہائش ہو چکے تھے، جنہیں انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی محنت اور ذاتی اخراجات سے مرمت کر کے قابلِ رہائش بنایا۔احتجاج میں شریک افراد نے الزام عائد کیا کہ ریلوے حکام نے چند روز قبل اچانک زبردستی کوارٹرز خالی کرنے کے نوٹس جاری کر دیے ہیں، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔ مظاہرین کے مطابق انہیں کسی متبادل رہائش یا مناسب وقت دیے بغیر بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو انسانی بنیادوں پر قابلِ مذمت ہے۔مظاہرین نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت اپنے گھروں سے بے دخل نہیں ہوں گے اور اگر زبردستی کی گئی تو وہ انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔احتجاج کی قیادت یاسین ارائیں، وسیم، راجھن مگسی، عبدالرزاق اور شہباز بلوچ سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ فوری طور پر نوٹس واپس لے اور مکینوں کو ریلیف فراہم کرے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مسئلے کا فوری حل نکالا جائے تاکہ درجنوں خاندانوں کو بے گھر ہونے سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button