بدین میں سرکاری کوارٹر پر مبینہ غیر قانونی قبضہ! شہریوں کی احتجاج کی دھمکی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)پی ٹی سی ایل ہیڈ آفس کی جانب سے بدین میں غیر قانونی قبضے ختم کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو خط ارسال کیے جانے کے باوجود تاحال کوئی عملی کارروائی نہ ہو سکی جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر قبضہ خالی کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور بصورت دیگر احتجاج کی وارننگ دی ہے تفصیلات کے مطابق بدین میں پی ٹی سی ایل نے اپنی کالونی میں قائم سرکاری کوارٹرز پر غیر قانونی قبضے ختم کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ خط لکھاہے جس میں فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی پی ٹی سی ایل کے ریجنل آفس کی جانب سے جاری کردہ خط میں ڈپٹی کمشنر بدین اور ایس ایس پی بدین کو آگاہ کیا گیا کہ پی ٹی سی ایل کالونی بدین میں واقع کوارٹر نمبر F-06 پر ایک شخص گزشتہ دس سال سے غیر قانونی طور پر قابض ہے خط میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص شہزاد ولد احمد حسین جو محکمہ تعلیم بدین میں بطور ڈرائیور (BPS-04) خدمات انجام دے رہا ہے غیر قانونی قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے جو کہ قانوناً غلط عمل ہے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ قانون کے مطابق فوری اقدامات کرتے ہوئے کوارٹر خالی کرایا جائے تاکہ سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے پی ٹی سی ایل کی جانب سے خط کی نقول چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی پولیس سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، کمشنر حیدرآباد اور ضلع ایجوکیشن آفیسر بدین سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں تاہم اس کے باوجود تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اس حوالے سے شہریوں ریاض احمد، عبدالکریم، صدام حسین اور دیگر نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک دہائی سے سرکاری کوارٹر پر قبضہ برقرار رہنا پی ٹی سی ایل بدین انتظامیہ کی نااہلی یا ملی بھگت کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر قبضہ ختم نہ کرایا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔



