مذاکرات کی کامیابی کا دار و مدار امریکا کی سنجیدگی اور نیک نیتی پر ہے، اسماعیل بقائی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی کا دار و مدار امریکا کی جانب سے سنجیدگی اور نیک نیتی پر ہے۔
ایکس پر جاری پیغام میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ سنیچر کا دن اسلام آباد میں ایران کے وفد کیلئے مصروف اور طویل رہا، صبح سے پاکستان کی نیک نیتی پر مبنی کوششوں اور ثالثی کے تحت شروع ہونے والے سخت مذاکرات اب تک بغیر کسی تعطل کے جاری ہیں، اس دوران فریقین کے درمیان متعدد پیغامات اور تحریری مسودوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز، جوہری معاملات، جنگی نقصانات کے ازالے، پابندیوں کا خاتمہ اور خطے میں جنگ کے مکمل خاتمے پر بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سفارتی عمل کی کامیابی کا دار و مدار مخالف فریق کی سنجیدگی، نیک نیتی اور ایران کے جائز حقوق اور مفادات کو تسلیم کرنے پر ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ہم مذاکرات کی میزبانی اور اس عمل کو آگے بڑھانے میں نیک نیتی پر مبنی کوششوں پر پاکستان کی حکومت اور اس کے گرم جوش اور باوقار عوام کے شکر گزار ہیں۔



