اسلام آباد میں اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان ’’فیس ٹو فیس‘‘ مذاکرات جاری ہیں،وائٹ ہاؤس

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد میں اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان ’’فیس ٹو فیس‘‘ بات چیت جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سوشل میڈیا پوسٹ پر کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات امریکا اور ایران کے درمیان برسوں بعد ہونے والی سب سے اہم اور اعلیٰ سطحی براہِ راست سفارتی پیش رفت ہے۔

وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ اس وقت پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر ’’فیس ٹو فیس‘‘ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے یہ بھی تصدیق کی کہ متعلقہ شعبوں کے تمام امریکی ماہرین اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ اضافی ماہرین واشنگٹن سے بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں جب کہ ان کے ہمراہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر بھی موجود ہیں۔

ان کے علاوہ سینئر مشیران میں ڈاکٹر اینڈریو بیکر اور مائیکل وینس بھی وفد کا حصہ ہیں جو مختلف شعبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز پر امریکا اور ایران نے 2 ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا جس کے دوران امریکا حملے بند کردے گا جب کہ ایران آبنائے ہرمز کو کھول دے گا۔

مزید خبریں

Back to top button