اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی مذاکرات امریکا میں ہوں گے، امریکی نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیراعظم اور لبنانی صدر نے جنگ بندی کے لیے براہ راست مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان براہ راست مذاکرات کا پہلا اجلاس واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے دفتر میں منعقد ہوگا۔
خیال رہے کہ تاحال امریکا یا لبنان نے مذاکرات کی تاریخ، مقام اور شرائط کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا البتہ لبنانی حکام نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ ابھی مذاکرات کی تاریخ طے نہیں ہوئی۔
لبنان حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے لیے امریکا کی ثالثی اور ضمانت کی ضرورت بھی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ بندی علیحدہ لیکن پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے ماڈل جیسی ہی ہوگی۔
ادھر رائٹرز کے مطابق لبنان نے عارضی جنگ بندی کی اپیل کی ہے تاکہ اسرائیل کے ساتھ وسیع مذاکرات ممکن ہو سکیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے میں شہریوں کو اپنے گھروں سے نکلنے کا حکم دیا تاکہ وہاں موجود حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بآسانی بمباری کرسکے۔
واضح رہے کہ بدھ کو اسرائیل نے لبنان پر اب تک کے سب سے شدید فضائی حملے کیے جس میں ملک بھر میں 254 افراد جاں بحق اور 1,165 زخمی ہوگئے۔



