پاکستان، افغانستان تنازع کا جامع پرامن حل نکالنے پر متفق ہوگئے ہیں، چین

اسلام آباد(ویب ڈیسک)چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے ارومچی میں امن مذاکرات کے دوران اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع کا جامع حل تلاش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ارومچی میں مذاکرات کے دوران افغان طالبان کو تین اہم مطالبات دے دیے ہیں اور چین دونوں فریقین کو تنازع کے حل کے لیے 5 نکاتی فریم ورک پر متفق کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیجنگ کی جانب سے اسلام آباد اور کابل کو مستقل جنگ بندی، تجارت اور ٹی ٹی پی سمیت کئی نکات پر معاہدے طے کرنے کے لیے سہولت کاری کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریق نے جاری تنازع کا ایک جامع حل نکالنے اور صورت حال کو مزید گھمبیر بنانے کا باعث بننے والے اقدامات نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی وفد بھی جلد ہی اسلام آباد پہنچ جائے گا۔
فریم ورک میں سرحد پر کشیدگی ختم کرنے، دہشت گردی کے خلاف تعاون، تجارتی گزرگاہیں بحال کرنے، مہاجرین کے لیے باعزت انتظامات اور برق رفتار کمیونیکیشن سسٹم شامل ہے۔
افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقاہر بلخی نے بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باقاعدہ مذاکرات کے وفود ارومچی میں ہیں، تعمیری اور مثبت ماحول میں مذاکرات ہوئے۔
افغان وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی خدشات اور خطے کے استحکام کے حوالے سے مسائل پر جامع گفتگو کی گئی۔
مزید کہا گیا کہ افغانستان نے چین کی میزبانی کو سراہا اور خیرسگالی کا مظاہرہ کیا اور امید ظاہر کی گئی کہ اس عمل سے باہمی اعتماد بحال ہوگا، پائیدار تعلقات گہرے ہوں گے، باہمی اعتماد میں اضافہ اور مؤثر تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔



