بدین: گندم کے کھلیان نذر آتش کیس میں گرفتارجی ڈی اے رہنما جہان خان کھوسو بھتیجے سمیت ضمانت پر رہا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے) گندم کا کھلیان نذر آتش کرنے کے مقدمے میں گرفتار گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) پنگریو کے رہنما جہان خان کھوسو اور ان کے بھتیجے صحافی سجاد کھوسو کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بدین نے ضمانت منظور کرلی، جس کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ جیل بدین سے رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے موقع پر جیل کے باہر جی ڈی اے کارکنوں اور پنگریو کے شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کو ریلی کی صورت میں بدین سے پنگریو لایا گیا، جہاں راستے میں مختلف مقامات پر کارکنوں اور شہریوں نے ان کا استقبال کیا۔ پنگریو پہنچنے پر جی ڈی اے کارکنوں، کھوسو برادری کے افراد، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انہیں اجرکیں، پھولوں کے ہار اور مالائیں پہنائیں۔ پریس کلب پنگریو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہان خان کھوسو اور سجاد کھوسو نے کہا کہ ان کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا جس کا پورا علاقہ گواہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گرفتاری کے بعد ایس ایچ او پنگریو نے ان کے دیگر رشتہ داروں کو بھی گرفتار کرنے کی دھمکیاں دیں اور ان کی دکان نہ کھولنے کی وارننگ دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایچ او پنگریو چیئرمین ٹاؤن کمیٹی پنگریو کے زیر اثر کام کر رہا ہے اور سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی میر غلام علی ٹالپر اور رکن صوبائی اسمبلی ارباب امیر امان اللہ کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر ایس ایس پی بدین اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام کو بھی آگاہ کریں گے۔ ادھر رہائی کے بعد جی ڈی اے رہنما اور صحافی کو پنگریوشہرکے مختلف بازاروں میں ریلی کی صورت میں لے جایاگیا جہاں شہریوں نے ان کا فقید المثال استقبال کیا



