بنگلادیشی کرکٹر شکیب الحسن نے ایک بار پھر ملک کیلئے کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی

ڈھاکہ(جانوڈاٹ پی کے)بنگلادیشی کرکٹر شکیب الحسن نے ایک بار پھر ملک کے لیے کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
39 سالہ شکیب الحسن نے سوشل میڈیا پر پیغام میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری حالیہ میڈیا سے گفتگو نے کافی بحث چھیڑ دی ہے، اس لیے میں سب کچھ واضح کرنا چاہتا ہوں۔
شکیب نے کہا کہ اس وقت میری پوری توجہ صرف کرکٹ پر ہے، میری اپنے کیریئر کے اس آخری مرحلے میں خواہش ہے کہ بنگلادیش کے لیے کھیلوں، موقع ملا تو بہترین کارکردگی سے ملک کو یادگار پرفارمنسز تحفے میں دینے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے اہم ہوتی ہے، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد میں بھی اپنے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتا ہوں، تاہم یہ ضروری نہیں کہ ایسا صرف سیاست کے ذریعے ہی کیا جائے، سیاست کے بغیر بھی ملک کے لیے کام کیا جا سکتا ہے۔
شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ البتہ سیاست کے ذریعے چیزیں کرنا زیادہ آسان ہو سکتا ہے، مجھے امید ہے کہ میں اپنے کرکٹ کیریئر کا اختتام سرخ و سبز جرسی میں مسکراہٹ کے ساتھ کروں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسی مقصد کے ساتھ میں بنگلادیش کے عوام سے دعاؤں اور محبت کی درخواست کرتا ہوں۔



