ناسا کا آرٹیمس 2 مشن، چاند کے مدار میں 6 گھنٹے کی پرواز، خلا بازوں نے اپولو 13 کا ریکارڈ توڑ دیا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکی خلائی ادارے ناسا کے آرٹیمس 2 مشن نے 5 دہائیوں سے زاند عرصے بعد چاند کے مدار پر انسانوں کو پہنچانے میں کامیابی حاصل کی اور اب زمین پر واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے۔
آرٹیمس 2 مشن پر سوار خلا بازوں نے زمین سے خلا میں سب سے زیادہ فاصلے تک سفر کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
6 اپریل کو اورین اسپیس کرافٹ نے چاند کے مدار میں 6 گھنٹوں تک پرواز کی۔
1970 کی دہائی کے اپولو مشنز کے بعد یہ پہلی بار تھا جب انسانوں نے چاند کے مدار تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔
آرٹیمس 2 مشن کے اورین اسپیس کرافٹ میں 4 خلا باز موجود ہیں جنھوں نے اپریل 1970 میں اپولو 13 میں سوار افراد کے 2 لاکھ 48 ہزار 655 میل فاصلے تک خلائی سفر کے ریکارڈ کو توڑا اور چاند کے اس حصے کا مشاہدہ کیا جو زمین سے نظر نہیں آتا۔
ان خلا بازوں نے 2 لاکھ 52 ہزار میل سے زائد کا فاصلہ کیا۔
اورین اسپیس کرافٹ میں سوار کینیڈین خلا باز جرمی ہینسن نے چاند کے مدار میں پرواز کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں چاند کو اپنی آنکھوں سے سامنے دیکھ رہا ہوں، یہ ناقابل یقین ہے’۔
مشن میں سوار افراد نے چاند پر نظر آنے والے 2 گڑھوں کا نام بھی رکھا جن میں سے ایک کا نام Integrity رکھا جو کہ اورین اسپیس کرافٹ کے کیپسول کا نام ہے جبکہ دوسرے کا نام کیرول رکھا جو کہ مشن کمانڈر ریڈ وائزمین کی 2020 میں کینسر سے انتقال کر جانے والی اہلیہ کا نام ہے۔
چاند ک مدار کے گرد سفر کے دوران اسپیس کرافٹ کو کہیں روکا نہیں گیا جبکہ اس مشن میں چاند کی سطح پر اترنے کا ہدف نہیں رکھا گیا تھا۔
چاند کے مدار کے گرد چکر لگانے کے بعد اب اورین اسپیس کرافٹ کا رخ زمین کی جانب کر دیا گیا ہے۔
یہ خلا باز 4 دنوں میں زمین پر واپس پہنچیں گے اور 10 اپریل کو اورین اسپیس کرافٹ بحر الکاہل میں لینڈ کرے گا۔
اس مشن کے دوران اورین اسپیس کرفٹ سے ہزاروں تصاویر لی گئیں جو بتدریج سامنے آئیں گی۔
واضح رہے کہ آرٹیمس 2 مشن اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ پہلی بار ایک سیاہ فام شخص چاند کے مدار پر بھیجا گیا ہے، جبکہ پہلی بار ایک خاتون اور ایک غیر امریکی فرد کو مشن کا حصہ بنایا گیا۔
اس سے قبل نومبر 2022 میں آرٹیمس 1 مشن چاند پر جاکر زمین پر واپس آنے میں کامیاب رہا تھا، مگر اس مشن میں کوئی انسان موجود نہیں تھا۔
2028 میں آرٹیمس 3 مشن کو روانہ کیا جائے گا جس میں سوار خلا باز چاند کی سطح پر قدم رکھیں گے۔
آرٹیمس 3 مشن میں سوار خلا باز چاند کے قطب جنوبی پر اتریں گے، جہاں اب تک کبھی انسانوں نے قدم نہیں رکھا۔



