دیپالپور: پنجاب حکومت کے کفایت شعاری اقدامات، مارکیٹس اور دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات جاری

دیپال پور (محمد اسلم بھٹی/جانو ڈاٹ پی کے)تحصیل دیپالپور سمیت ضلع اوکاڑہ میں حکومت پنجاب کے کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اس سلسلہ میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مراسلہ جاری کر دیا گیا، جس کے تحت تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز ہفتہ بھر رات 8 بجے بند ہونگے، تاہم فارمیسیاں، میڈیکل سٹورز، میڈیکل سپلائی سٹورز، میڈیکل لیبارٹریاں اور ہسپتالوں کو استثنیٰ ہوگا، پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، تندور، بیکریاں، دودھ/ ڈیری شاپس پر بھی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے (تاہم ہوم ڈلیوری اور پارسل کی سہولت کی اجازت ہوگی)، اسی طرح تمام شادی ہالز، بینکوئٹس اور شادی کی تقریبات خواہ وہ گھروں میں ہوں یا فارم ہاؤسز پر رات 10 بجے تک ختم کرنا لازمی ہوں گی، ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو احکامات پر فوری عمل درآمد کی ہدایات کر دی ہیں، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ مفاد عامہ کے لیے موجودہ حالات کے تناظر میں حکومتی احکامات پر عمل درآمد ناگزیر ہے، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران اور پیرا فورس حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، انجمن تاجران و دیگر متعلقہ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کو حکومتی احکامات بارے اعتماد میں لیا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات کی پیروی نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button