وزیرآباد:صوبائی وزیر اقلیتی امور کا مریم آباد کا دورہ، زخمیوں کی عیادت اور جاں بحق ہونیوالے نوجوان کے اہلخانہ سے تعزیت کی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)ایسٹر کی تقریب کے موقع پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مریم آباد کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور جاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیرآباد کے علاقے مریم آباد میں گذشتہ روز پیش آنے والے حادثے کے بعد صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ مریم آباد پہنچ گئے۔انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی صوبائی وزیر جاں بحق ہونے والے نوجوان عرفان مسیح کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے حادثے کے دوران سیکیورٹی کے ناقص انتظامات، ریسکیو ٹیموں کی تاخیر سے آمد اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات نہ ملنے پر تحفظات کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کے خلاف انکوائری کی ہدایت کی صوبائی وزیر نے کہا کہ ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اقلیتیں اس ملک کی بنیادی اساس ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔یاد رہے گذشتہ روز حادثہ میں اس وقت 20 سے زائد افراد زخمی ہوے تھے اور ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا جب ایسٹر کے سلسلہ میں مسیحی برادری کے افراد مریم آباد میں واقع مرکزی چرچ کے لیے جلوس کی صورت میں جا رہے تھے کہ علی پورچٹھہ گوجرانوالہ روڈ پر مریم آباد کے مقام پر تیز رفتار شہ زور گاڑی شرکاء پر چڑھ گئی ۔



