وزیرآباد:پیپلز پارٹی وویمن ونگ فرانس کے زیرِ اہتمام شہیدِ ذوالفقار علی بھٹوکی 47ویں برسی نہایت عقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی وویمن ونگ فرانس کے زیرِ اہتمام شہیدِ عوام ذوالفقار علی بھٹوکی 47ویں برسی نہایت عقیدت، احترام اور بھرپور جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس پروقار تقریب میں بھٹو کے جیالوں اور جیالیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے عظیم قائد سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی صدر روحی بانو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بے مثال خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نڈر، باہمت اور عوامی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کے محروم طبقات کو آواز دی، ملک کو متفقہ آئین دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا۔ ان کی سیاسی بصیرت، جرات مندی اور عوام دوستی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔اس موقع پر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کے چیئرمین زاہد ہاشمی، محمد خلیل الرحمٰن، صفدر ہاشمی اور راجہ کرامت علی نے بھی پُرجوش انداز میں شہید بھٹو کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں ایک عظیم اور تاریخ ساز رہنما قرار دیا۔تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کی نائب صدر فرح کریم، سینئر نائب صدر فرحت عاشق، شبانہ احمد نائب صدر اور آسیہ شہزاد نائب صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ روحی بانو کی قیادت میں متحد ہو کر پارٹی کو مزید مضبوط، فعال اور بے مثال بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔تقریب کے دوران شہید بھٹو کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جبکہ ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی اجتماعی دعائیں مانگی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button