ماتلی:زیادتی کی کوشش اور قاتلانہ حملے کے مقدمات کے باوجودملزم کی عدم گرفتاری پر شہری سراپااحتجاج

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی/جانوڈاٹ پی کے) تعلقہ ٹنڈو غلام حیدر کے گاؤں سومار چانگ کے رہائشی خان محمد چانگ نے اپنی زندگی کو لاحق خطرات اور جانی و مالی دھمکیوں کے خلاف پریس کلب ماتلی میں فریاد پیش کی اور بتایا کہ سلیمان عرف "سلو” چانگ کی جانب سے انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور یہ شخص کھلے عام اسی علاقے میں آزادانہ گھوم رہا ہے۔ خان محمد چانگ کے مطابق سلیمان نے پہلے ان کی بیوی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی، جس کے خلاف ٹنڈو غلام حیدر تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے اور بعد ازاں اس شخص نے ان پر قاتلانہ حملہ بھی کیا، جس کی ایف آئی آر بھی متعلقہ تھانہ میں درج ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس دونوں ایف آئی آر میں نامزد ملزم کو گرفتار نہیں کر رہی اور ملزم کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور ملزم انہیں دھمکیاں دے رہا ہے کہ اگر یہ ایف آئی آر ختم نہ کرائیں تو وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ خان محمد چانگ نے ایس پی ٹنڈو محمد خان اور ڈی ایس پی ٹنڈو غلام حیدر سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رہے #



