اسرائیل کی ایران کے توانائی مراکز پر حملے کی تیاری، امریکا کے گرین سگنل کا انتظار

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل نے ایران کے توانائی مراکز پر فضائی حملے کرنے کی تیاری شروع کر دی جبکہ امریکا کی طرف سے گرین سگنل ملنے کا بھی منتظر ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایک سینئر اسرائیلی دفاعی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل ایران کی توانائی کی تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہا ہے لیکن اس کیلیے اسے امریکا کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔

اسرائیلی دفاعی عہدیدار نے مزید کہا کہ اس طرح کے کسی بھی حملے کا قوی امکان اگلے ایک ہفتے کے اندر ہے۔

واضح رہے کہ سینئر اسرائیلی عہدیدار کا تبصرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن کے بعد سامنے آیا جس نے اس بات پر توجہ مزید بڑھا دی کہ آیا امریکا ایران کے خلاف مزید اسرائیلی فوجی کارروائی کی حمایت کرے گا یا نہیں۔

دوسری جانب، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے آج ایران کی پیٹرو کیمیکل فیکٹریوں پر حملے کیے ہیں جنہیں وہ ایرانی حکومت کیلیے آمدن کا ایک بڑا ذریعہ قرار دیتے ہیں۔

اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے کہا کہ پیٹرو کیمیکل پلانٹس پر حملے ایران کی اسٹیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد کیے گئے۔

نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ایران کی اسٹیل بنانے کی 70 فیصد صلاحیت کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ میں نے وعدہ کیا تھا ہم انہیں نشانہ بنانا جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button