ایران نے انسانی ہمدردی پر آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کی اجازت دیدی

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران نے انسانی ہمدردی پر آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کی اجازت دے دی۔

ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنیادی اشیا اور امدادی سامان لے جانے والے جہازوں کو خصوصی پرمٹ کا اجرا کیا گیا ہے۔

اجازت ناموں کا اطلاق ایرانی بندرگاہوں اور بحیرہ عمان جانے والے جہازوں پر ہوگا۔

علاوہ ازیں ایران نے آبنائے ہرمز میں اسرائیل سے منسلک ایک بحری جہاز پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں جہاز کو آگ لگ گئی۔

اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ملائیشیا کی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران نے ملائیشیا کے بحری جہازوں کو بغیر کسی ادائیگی کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے۔

ملائیشیا کے جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کو ٹول ادا نہیں کر رہے، متعدد جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے قطار میں ہیں۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز میں 18 بھارتی جہاز پھنس گئے جس کی وجہ سے بھارت میں توانائی کا بحران سنگین ہو گیا۔

بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق ایل پی جی، خام تیل اور ایل این جی کے 18 بھارتی پرچم والے جہاز آبنائے ہرمز میں محصور ہیں۔

این ڈی ٹی وی کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ صرف برادر ممالک کے جہاز ایرانی حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button