تھرکول بلاک ٹو میں ملازمین نے ایک بار پھر اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج شروع کر دیا

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی)تھرکول بلاک ٹو میں ملازمین نے ایک بار پھر اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج شروع کر دیا ہے۔ڈرائیورز سمیت سینکڑوں ملازمین نے سائٹ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے دوپہر کی شفٹ میں کام پر جانے سے انکار کر دیا۔اینگرو کول مائننگ کمپنی میں تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کرنے والی ہونڈا کمپنی کے ملازمین نے مطالبات تسلیم ہونے تک کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ملازمین کا کہنا ہے کہ ہمیں گزشتہ 4 ماہ سے ٹال مٹول کا شکار بنایا جا رہا ہے اور کمپنی اپنے وعدے پورے نہیں کر رہی۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ مارچ میں 5 فیصد کے حساب سے ڈبلیو پی پی ایف فنڈ دیا جائے گا، مگر 4 ماہ گزرنے کے باوجود یہ ادا نہیں کیا گیا۔ جب ہم اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرتے ہیں تو ہمیں نوکری سے نکالنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
اینگرو مینجمنٹ نے کچھ ماہ قبل ہم سے مذاکرات کر کے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اب تک ان پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
تمام چھوٹے ملازمین نے شکایت کی ہے کہ انہیں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جن میں مناسب خوراک، صاف پانی، اوور ٹائم، ایمرجنسی چھٹیاں اور دیگر سہولیات شامل ہیں، جو چارٹر آف ڈیمانڈ کے تحت دی جانی چاہئیں۔



