شاہین، حارث اور مستفیض کیساتھ باؤلنگ کرنا میرے لئے اعزاز ہے، عبید شاہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ باؤلر عبید شاہ نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور مستفیض الرحمٰن جیسے تجربہ کار باؤلرز کے ساتھ کھیلنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے، یہاں سے تجربہ حاصل کر کے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہوں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی عبید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے بعد لاہور قلندرز کی جانب سے موقع ملنا میرے لئے خوش آئند ہے جہاں ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں خصوصاً ثمین رانا اور کپتان شاہین آفریدی کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور مستفیض الرحمٰن کی موجودگی میں لاہور قلندرز کی باؤلنگ لائن اپ پی ایس ایل کی بہترین بولنگ اٹیک بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان شاہین آفریدی مجھ پر اعتماد کرتے ہیں اور اکثر مجھ سے باؤلنگ کا آغاز کراتے ہیں جو میرے لئے فخر کا باعث ہے، ہر ٹورنامنٹ میں میری کوشش ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی دکھانا اور خود کو بہترین باؤلر ثابت کرنا ہوتی ہے۔

عبید شاہ نے واضح کیا کہ میں کسی ایک باؤلر کی نقل نہیں کرتا بلکہ جو بھی اچھی باؤلنگ کرتا ہے اس سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

نوجوان فاسٹ باؤلر کا مزید کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ مکمل طور پر مائنڈ سیٹ کا کھیل ہے جس میں بیٹرز کی حکمتِ عملی کو سمجھ کر اسی کے مطابق باؤلنگ کرنا ضروری ہوتا ہے، جدید کرکٹ میں بیٹرز کے پاس ہر طرح کے شاٹس موجود ہیں، اس لئے باؤلرز کو ان کے ذہن کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button