کبوتر اور نوجوانوں کی دوستی کی خوبصورت مثال، سوشل میڈیا پر وائرل

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)انوکھی دوستی سکھایا ہوا کبوتر موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کا ہم سفر بن گیا۔
علی پورچٹھہ میں ایک منفرد اور دلچسپ منظر شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جہاں ایک سکھایا ہوا کبوتر موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کے ساتھ طویل سفر میں ہم قدم دکھائی دیتا ہے اور اپنی مسلسل پرواز سے سب کو حیران کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کبوتر تقریباً دو ماہ کا ہے مگر اس کی تربیت اور انسیت نے سب کو متاثر کر رکھا ہے۔ مقامی نوجوان ابوذر کے مطابق یہ کبوتر نہ صرف شہر کے اندر بلکہ گوجرانوالہ، گجرات اور وزیرآباد جیسے دیگر شہروں کے سفر میں بھی ان کے ساتھ ساتھ اڑتا رہتا ہے اور کبھی پیچھے نہیں رہتا۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں، یہ کبوتر ان کا ساتھ نہیں چھوڑتا اور مسلسل ان کے اوپر یا ساتھ ساتھ پرواز کرتا رہتا ہے، جو ایک غیر معمولی بات ہے۔ اس منفرد منظر کو دیکھ کر راہگیر رک کر اس کا مشاہدہ کرتے ہیں اور حیرت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں جہاں انسان ایک دوسرے سے دور ہوتے جا رہے ہیں، وہاں ایک پرندے کی ایسی وفاداری اور قربت دل کو چھو لینے والی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس کبوتر اور نوجوانوں کی دوستی کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور لوگوں کی جانب سے اسے خوب سراہا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق پرندوں میں تربیت اور انسیت کا عنصر موجود ہوتا ہے، تاہم اس طرح کسی کبوتر کا مسلسل طویل سفر میں ساتھ دینا ایک منفرد اور کم دیکھنے کو ملنے والا واقعہ ہے۔
یہ انوکھی کہانی نہ صرف علی پورچٹھہ بلکہ گردونواح میں بھی دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے اور محبت و وفاداری کی ایک خوبصورت مثال پیش کر رہی ہے۔



