محبت اور انسانیت ہی کائنات کی اصل میراث ہیں,ڈی ایس پی بدین پیر شبیر حیدر سرہندی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کی)پولیس افسر ہونے کے ساتھ سماجی رہنما کے طور پر غریب اور نادار لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہو کر ان کی ہر ممکن مدد کرنے والے ڈی ایس پی بدین پیر شبیر حیدر سرہندی نے بدین پریس کلب کی جانب سے دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا محبت کے جذبے پر قائم ہے اور محبت اور انسانیت ہی کائنات کی اصل میراث ہیں۔ تکبر اور غرور ہمیں زیب نہیں دیتے۔ ایک پولیس افسر کے طور پر ہم ان لوگوں کے خادم ہیں جو بے سہارا ہیں اور جن کی کوئی رسائی نہیں، ایسے لوگوں کی خدمت اور مدد کرنا عبادت ہے انہوں نے کہا کہ نشہ ہمارے معاشرے میں بڑا بگاڑ پیدا کر رہا ہے اور گھٹکا/مین پوری کینسر کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ کے ایس پی ٹنڈو محمد خان کے دور میں جب وہ وہاں ایس ایچ او تھے تو ایک صحافی کا گھٹکا اور مین پوری کے بارے میں لکھا گیا کالم ان کی نظر سے گزرا، جس میں اس نشے سے کینسر ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس صحافی نے اپنی ذمہ داری ادا کی، جبکہ اللہ کے سامنے وہ ادارے جوابدہ ہوں گے جن پر اس مہلک گھٹکا کو روکنے کی ذمہ داری ہے
انہوں نے مزید کہا کہ اس آرٹیکل کے بعد انہوں نے گھٹکا اور مین پوری کے خلاف عدالت میں کیس لڑا اور اس پر پابندی کا قانون منظور کروایا، جس پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح میں پولیس اور صحافیوں کا بڑا کردار ہے، اگر ہم صحیح سمت میں خدمت کریں تو معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی اولاد کو گاڑیاں، بنگلے اور دولت دینے کے ساتھ ساتھ اپنا اچھا کردار بھی وراثت میں دینا چاہیے، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری اولاد ہمارا تعارف کرواتے ہوئے شرمندہ ہو۔ ہمیں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، دنیا میں بہت سے لوگ آئے اور چلے گئے، مگر جن کا کردار اچھا تھا دنیا آج بھی ان کا نام احترام سے لیتی ہے اس موقع پر پریس کلب کے صدر شوکت میمن، سینئر صحافیوں شکور میمن، ملک الیاس، انیس میمن، مرتضیٰ میمن، سانوڻ خاصخیلی، دودو پنہور، اشرف عبداللہ میمن، عمران عباس، خواجہ تنویر احمد آرائیں، عبدالمجید ملاح، عبدالطیف زرگر اور دیگر نے پیر شبیر حیدر سرہندی کو اجرک اور لنگی کے تحائف پیش کیے۔



