رحیم یار خان: بے نظیر انکم سپورٹ سنٹر کی چھت گرنے سے 5 خواتین جاں بحق، 55 زخمی

رحیم یار خان (جانوڈاٹ پی کے)رحیم یار خان کے نواحی علاقے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصول کرنے کے لیے آئی خواتین پر چھت گر گئی، 5 خواتین جاں بحق اور 55 خواتین زخمی ہو گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نواحی علاقے چک نمبر 125 کے قریب ایک مارکیٹ میں پیش آیا جہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی قسط وصول کرنے کے لیے آنے والی 200 سے زائد خواتین ریٹیلر شاپ کی چھت پر موجود تھیں۔

حکام کے مطابق خواتین امداد کے انتظار میں موجود تھیں،  کمزور چھت اچانک گر گئی جس سے کئی خواتین ملبے تلے دب گئیں، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمی خواتین کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button