دی ہنڈرڈ لیگ 2026 کی نیلامی میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد اورعثمان طارق کروڑوں میں فروخت

لندن(جانوڈاٹ پی کے)انگلینڈ کی دی ہنڈرڈ لیگ 2026 کی پلیئر آکشن میں آئی پی ایل ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کی مالکن کاویا مران نے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو کروڑوں روپے میں خرید لیا۔
انگلینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ دی ہنڈرڈ میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے آپ کو رجسٹر کرایا تھا تاہم اب تک صرف 2 پاکستانی کھلاڑی ہی منتخب ہوئے ہیں۔
پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرا ر احمد کو انڈین پریمیئر لیگ سے منسلک فرنچائز سن رائزرز لیڈز نے 1 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 7 کروڑ 12 لاکھ پاکستانی روپے) میں سائن کر لیا۔
اس کے علاوہ برمنگھم فیونکس نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کو 1 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 5 کروڑ 32 لاکھ پاکستانی روپے) میں خرید لیا۔
نیلامی سے پہلے یہ خبریں گردش میں تھیں کہ بھارت سے جُڑا ہوا کوئی گروپ انگلش ٹورنامنٹ کیلئے کسی پاکستانی کھلاڑی کو نہیں خریدے گا لیکن سن رائزرز لیڈز نے یہ بات غلط ثابت کردی جس کےبعد سوشل میڈیا پر بھونچال آگیا ۔
انڈین پریمیئر لیگ سن رائزرز حیدر آباد اور دی ہنڈرڈ لیگ میں سن رائزرز لیڈز کی کو اونر کاویا مران کو تنقید کا سامنا ہے۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کاویا نے پاکستانی کھلاڑی ابرار احمد کو کیوں ٹیم میں لیا ہے۔



