اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک پر حملوں کیخلاف قرارداد منظور

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔
سلامتی کونسل اجلاس میں پڑوسی ممالک پر ایران کے حملوں کی مذمت کی گئی۔
خلیجی ممالک کی جانب سے تیار مسودہ کےحق میں 13ووٹ آئے۔ ایران کےحملوں کی مذمت سے متعلق قرارداد پر چین اور روس غیرحاضر رہے۔ پاکستان نے خلیجی ممالک کی جانب سے ایران کے خلاف پیش قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
بحرین کے مندوب کا کہنا تھا کہ ایرانی حملوں کی مذمت کیلئے قرارداد 135ممالک نے کواسپانسر کی، پاکستان بھی خلیجی ممالک کی جانب سے ایران کے خلاف پیش قرارداد کا کو اسپانسر تھا۔
یہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ کوئی قرارداد 135 کواسپانسرنے پیش کی۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ میں ایبولا پر قرارداد 134 ممالک نے پیش کی تھی۔
اب روس کی جانب سےاقوام متحدہ میں پیش قرارداد پر ووٹنگ کی جائے گی۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ یو اے ای پر ایرانی حملوں سے 2 پاکستانی جاں بحق ہوئے، ایران پر حملوں نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان ایران کی خودمختاری کی حمایت کرتا ہے، لاکھوں پاکستانی خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، مذاکرات اور سفارتکاری سے تنازعات حل کیے جائیں۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ایک ملک کو خطے کے ہمسایہ ملکوں کو ڈکٹیٹ کرنے کاحق نہیں۔
اماراتی مندوب ابوشہاب نے کہاکہ سلامتی کونسل ایران کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کرے، بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے ایرانی حملےسنگین خطرہ ہیں، ایران کے حملے دہشت پھیلانے کی کوشش ہے۔
اماراتی مندوب نے کہا کہ ایرانی حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا رہا ہے، خلیجی ممالک نے صبر اور باہمی اتحاد کا ثبوت دیا ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ ایران کی جانب سے دبئی میں ہوٹلوں پر حملے کیے گئے، خلیجی ممالک ایرانی ڈرون اورمیزائل حملوں سے متاثرہوئے، انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتی۔



