آپریشن غضب لِلحق:پاک فضائیہ کے 37 مقامات پر حملے،331 افغان طالبان ہلاک، 104 چوکیاں تباہ، 22 پر قبضہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کا افغان طالبان رجیم کیخلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاکستانی فورسز کی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے 331 کارندے ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے 28 فروری صبح 9 بجے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق افغانستان بھر میں 37 مقامات کو فضائی کارروائی میں مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا جس میں افغان طالبان رجیم کے 331 کارندے ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغان طالبان کی 104 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ جبکہ 22 چیک پوسٹوں پر پاک فوج نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، 163 ٹینک اور مسلح گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔ آپریشن غضب للحق اپنے اہداف کی تکمیل تک جاری رہے گا۔
قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد دہشتگرد جہنم واصل
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ ترین کارروائیوں میں پاک افغان سرحد پر غلام خان سیکٹر میں افغان پوسٹ کو تباہ کردیا گیا، اعظم وارسک سیکٹرمیں بھی افغان طالبان کی شاگا پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں تشکیل کی دراندازی کو ناکام بنادیا گیا، متعدد دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔ پاک فوج نے قلعہ سیف اللہ سیکٹرمیں افغانستان کی رحیم تھانہ پوسٹ کومکمل تباہ کردیا۔ پاک فوج نے قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں افغان طالبان کی اعلیٰ جرگہ تھانہ پوسٹ کو مکمل تباہ کردیا۔
جمعرات کی شب اور جمعہ کو ہونے والے واقعات:
افغان طالبان کی جانب سے جمعرات کی شب شروع کی گئی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے آپریشن غضب للحق کا آغاز کیا تھا۔ افواج پاکستان کی جانب سے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کا بھرپور اور موثر انداز میں منہ توڑ جواب دیا گیا۔
پاک فضائیہ نے افغان صوبے لغمان، ننگر ہار میں کارروائیاں کر کے ہیڈکوارٹرز کو تباہ کیا جبکہ سرحدی علاقوں میں افغان چیک پوسٹوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی فورسز نے سرحد اور افغانستان کے اندر داخل ہوکر بھرپور کارروائیاں کیں جبکہ پاک فضائیہ نے قندھار، کابل، ننگرہار میں فضائیہ کارروائیاں کر کے افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
آپریشن ضرب للحق میں پاک فضائیہ کے دشمن پر وار
گزشہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئرفورس فضائی حملوں میں کابل میں دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔
افغان صوبے ننگرہار میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے ایک بڑا ایمونیشن ڈپو تباہ کر دیا۔
اس کے علاوہ پاکستان نے جنوبی وزیرستان کے مقابل افغانستان کے پکتیا کے علاقے میں پانچ افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔
قبضے میں لی جانے والی چیک پوسٹوں میں دو شوال کے مقابل، دو انگور اڈہ کے مقابل اور ایک زرملان کے مقابل میں ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مؤثر کارروائی کے دوران انگور اڈہ کا افغانی ٹرمینل بھی تباہ کر دیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بھرپور اور طاقتور جواب میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے پاک افغان سرحد پر خوست میں افغان طالبان کی متعدد اہم پوسٹس کو مکمل تباہ کر دیا، پاکستان کی فیصلہ کن کارروائی کی بعد افغان طالبان فوج نے متعدد بار پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرایا۔
سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان فورسز کو آرٹلری اور کوارڈ کاپٹر کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
تباہ ہوئی چند چوکیوں کے نام
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائیوں میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں اور کیمپس کو شدید نقصان پہنچا، افغان طالبان کے شپولا کیمپ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، خیبر پوسٹ ، قومی سر کمپلیکس اور خاور پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا، اسی طرح بزدل افغان طالبان کے اہلکار ٹوپسر پوسٹ چھوڑ کر فرار ہوگئے جب کہ پاک فوج نے داؤد پوسٹ کو بھی مکمل تباہ کردیا۔
ڈرونز حملے
افغان طالبان کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں چھوٹے ڈرونز سے حملہ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے اینٹی ڈرون سسٹمز نے تمام ڈرونز کو گرا دیا، ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ان واقعات نے ایک بار پھر افغان طالبان رجیم اور پاکستان میں دہشت گردی کے درمیان گھناؤنے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کا فوری اور موثرجواب دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ افغان طالبان نے کے پی کے مختلف سرحدی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر فوری اور موثر جواب دیا جا رہا ہے۔
ذلت آمیز شکست کے بعد طالبان کا سول آبادی پر حملہ
سیکیورٹی فورسز کے جاری کامیاب آپریشن ضرب للحق میں ہزیمت کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے شروع کر دیئے۔
گزشتہ رات باجوڑ کے سرحدی علاقوں لغڑئی اور گرد و نواح میں سرحد پار سے فائر کیے گئے مارٹر گولے گرنے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر خار اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
شیلنگ کے باعث ایک مقامی مسجد کی چھت اور دیگر حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلا اشتعال افغان جارحیت کا پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پوری طاقت سے منہ توڑ جواب دی رہی ہیں، پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی سے افغان طالبان کے ٹھکانے تباہ اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے نہایت درستگی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جبکہ ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر ، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چکوال بھرپور جواب دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان جانب سے جارحیت پر فوری ٹینکوں کا استعمال کرتے ہوئے طالبان کی کئی پوسٹیں تباہ کردیں جبکہ متعدد ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔
طورخم بارڈر پر افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے مؤثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج کے بھرپور ردعمل کے باعث افغان طالبان دم دبا کر فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز کےمؤثر جواب کے بعد مہمند سیکٹر کے قریب افغان طالبان چوکیاں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
آرٹلری فائر سے ٹی ٹی اے کا سیکٹر ہیڈ کواٹر تباہ
سیکیورٹی فورسز نے آرٹلری فائر سے افغان طالبان رجیم کا سیکٹر ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
پاک افغان سرحد پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انگوراڈہ کا ایک بڑا حصہ تباہ کر دیا.
سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا رہی ہیں.
پاک افغان سرحد پرولی خان سیکٹر میں پاک فوج نے ایک اور افغان پوسٹ کو مسمار کردیا۔
باجوڑ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، دہشت گرد زندہ گرفتار
باجوڑ سیکٹر کے قریب پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک دہشتگرد کو بارڈر کراس کرنے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زندہ گرفتار کر لیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کا جھوٹا دعویٰ
برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کی پاکستان سے متعلق مبینہ گمراہ کن سوشل میڈیا پوسٹ پاکستانی صارفین کی شدید تنقید کے بعد حذف کر دی گئی۔
قندھار کی فضاؤں میں پاکستانی شاہینوں کی پیٹرولنگ
افغان جارحیت کے خلاف جاری آپریشن ضرب للحق میں پاکستانی جیٹ طیارے فضائی حملے کرنے کے بعد قندھار کی فضامیں گشت کر رہے ہیں۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی، افغان طالبان کی خیبر پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف پاک فوج کی فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں، پاک فوج کی مؤثر کاروائی کے دوران افغان طالبان کی پوسٹوں اور کیمپس کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔
کابل میں طالبان وزارت دفاع کی عمارت کے اندر جھڑپوں کی اطلاعات
افغان دارالحکومت کابل میں طالبان وزارت دفاع کی عمارت کے اندر مبینہ طور پر اندرونی جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا ادارے آماج نیوز کے مطابق پاکستان کے آپریشن ضرب للحق میں جاری فضائی حملوں کے دوران وزارت دفاع کے احاطے میں فائرنگ اور کشیدگی کی صورتحال دیکھی گئی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جیسا جواب مشرقی سرحد پر بھارت کو دیا تھا اب ویساہی بھرپورجواب مغربی سرحد پردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی ریاست ہے جو بچوں کوخودکش بمباربناکربھیجتی ہے، دہشت گردی کےعلاوہ ان کی کچھ اورکرنے کی جرات نہیں ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی کوپاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری کوشش رہی ہے کہ معاملات بات چیت کےذریعےحل کیےجائیں۔
ترجمان صدر پاکستان
صدرپاکستان کے ترجمان مرتضی سولنگی نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی اور افغانستان میں ان کے نئے پاگلوں کوجلد پتہ چل جائے گا کہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا کیا نتیجہ ہوگا۔
مرتضی سولنگی نے لکھا کہ مودی کو پچھلے سال مئی میں پتہ چلا تھا،طالبان حکومت کوچند گھنٹوں میں پتہ چل جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف
افغان جارحیت کے خلاف جاری آپریشن ضرب للحق کے حوالے سے وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ ملک کے امن اور تحفظ پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی، جبکہ افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تاررڑ
عطاء اللہ تارڑ نے پاک-افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی دیا جاتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان طالبان رجیم کو جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دے گا اور پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی ہے، ہم تمہارے ہمسائے ہیں تمہاری اوقات جانتےہیں۔ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ، اب ہماری تمہاری کھلی جنگ ہے، اب دما دم مست قلندر ہوگا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام می کہا کہ پاک فوج سمندر پار کسی ملک کی نہیں ہے، یہ ہماری بہادر افواج ہے جو بھارت کی مرضی و منشا سے چلنے والی پراکسی اور افغان جارحیت رگڑنا جانتی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عالمی ممالک نیٹو افواج کی افغانستان سے انخلا کے بعد یہ امید کر رہے تھے کہ اب امن ہو گا اور اقتدار کی مسند پر بیٹھنے والے طالبان مفاد عامہ کے لیے کام کریں گے، مگر طالبان بھارت کا بغلی بچہ بن گیا۔
طالبان نے دنیا بھر کے دہشت گردوں کو اپنے ملک میں جمع کیا اور پھر اس کی آبیاری کے بعد ایکسپورٹ شروع کر دی، طالبان نے خود اپنی عوام کو بھی بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔
وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی پر زور مذمت کی اور کہا کہ افغان طالبان کی کھلی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا، افغان طالبان نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی، افغان طالبان کی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہیں، قوم مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
چاروں وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کا خوارج کے بزدلانہ حملے پر شدید ردِعمل
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاک افغان سرحد پر خوارج کے بزدلانہ حملے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے شدید مذمت کی جبکہ پاک افواج کی جانب سے افغان سرحد پر خوارج کو فوری اور منہ توڑ جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ سلام ہے پاک فوج کو جنہوں نے پلک جھپکتے ہی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ خوارج، انکے ہینڈلرز اور سپورٹرز پہلے بھی ذلیل ہوئے ہوے اب بھی ذلیل ہونگے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وطنِ عزیز کی ایک ایک انچ زمین کا دفاع کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے افغان طالبان کی خیبر پختونخوا میں بلا اشتعال فائرنگ پر سیکیورٹی فورسز کے فوری اور مؤثر جواب کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام یقینی بنائے گا، سرحد پار سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔



