حنیف عباسی کا عمران خان سے ڈیل سے متعلق خبروں پر دلچسپ تبصرہ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کی خبروں پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ “شادی سے پہلے رضا مندی ضروری ہے، اگر دونوں اطراف سے رضا مندی ہو تو ڈیل ممکن ہے۔ ہر قیدی کی طرح بانی پی ٹی آئی کا علاج ہونا ان کا حق ہے۔”
راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے بتایا کہ جب وہ جیل میں تھے تو کئی بار ذاتی معالج کے لیے درخواست دی مگر نہ سنی گئی اور نہ علاج سے قبل بچوں سے ملاقات کی اجازت ملی۔
حنیف عباسی نے سیاست پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “سیاست میں حرفِ آخر نہیں ہوتا، آج کے حریف کل کے ساتھی بن سکتے ہیں۔ جو شخص 74 برس کی عمر میں اپنی زبان پر قابو نہ رکھ سکے، وہ سیاست نہ کرے۔ وقت کے ساتھ سیاست میں مچورٹی آتی ہے، مجھ میں آج 2003 کے مقابلے میں زیادہ پختگی ہے۔”
انہوں نے 9 مئی کے سیاسی واقعات پر کہا کہ “فتح حاصل کرکے اقتدار کی خواہش غلط ہے۔ میں نے ساری زندگی تاجروں کے ساتھ سیاست کی ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ہڑتال سے پہلے مسائل حل کرنے کو کہا ہے، ان شاءاللہ مسائل جلد حل ہوں گے۔”
وزیر ریلوے نے صحت کے شعبے میں ترقیاتی اقدامات بھی بیان کیے: “ہم نے یورالوجی بلاک بنایا، او پی ڈی بلاک تیار کیا اور ہولی فیملی اسپتال اپ گریڈ ہو رہا ہے۔ راولپنڈی میں پورا ہیلتھ سیکٹر رینوویٹ ہو رہا ہے۔ مارچ کے آخر میں گردے کے ٹرانسپلانٹ کا سلسلہ شروع ہوگا۔ 150 وینٹیلیٹرز اور ایم آر آئی مشینیں دستیاب ہیں، مری روڈ پر تین نئی بسیں چلیں گی اور اسٹیشنز بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔”
انہوں نے کارکردگی کی بنیاد پر مقابلے کی اہمیت بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی دیگر شہروں اور صوبوں سے بہتر ہے اور یونیورسٹی کا کردار خطے میں نمایاں ہے۔



