ٹی 20 ورلڈ کپ: امریکی کرکٹ ٹیم میں پاکستانی فاسٹ باؤلر کی شمولیت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل امریکا کی کرکٹ ٹیم نے ایک اہم اور تجربہ کار اضافہ کرتے ہوئے پاکستانی نژاد فاسٹ باؤلر احسان عادل کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے، جسے امریکی فاسٹ باؤلنگ اٹیک کے لیے بڑا بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق احسان عادل کی شمولیت امریکی ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسدیپ سنگھ کے ان فٹ ہونے کے بعد عمل میں آئی، جس کی باضابطہ منظوری آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دے دی ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے احسان عادل بین الاقوامی کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں اور 2015 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حصہ رہے۔ احسان عادل پاکستان کے لیے 3 ٹیسٹ اور 6 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں، جس سے ان کے تجربے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ احسان عادل کی شمولیت سے امریکا کی ٹیم کو نہ صرف فاسٹ باؤلنگ میں گہرائی ملے گی بلکہ دباؤ کے لمحات میں تجربہ کار بولنگ آپشن بھی دستیاب ہوگا۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ امریکا کی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد دے سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button