دی ایجوکیٹرز سکول کاتھلیسیمیا کے مریض بچوں کی فلاح کیلئے2 لاکھ 65ہزار روپے کا عطیہ

وزیرآباد(جانو ڈاٹ پی کے)دی ایجوکیٹرز سکول کے ڈائریکٹر محمد عمران بھٹی نے ہیڈ مس سندس بٹ،ڈپٹی ہیڈ میم عطرت،محمد احمد چیمہ، اساتذہ اور طلبہ کے ہمراہ سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیااور تھلیسیمیا کے مریض بچوں کی فلاح کیلئے2 لاکھ 65ہزار روپے کا چیک عطیہ پیش کیا۔
بچوں نے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کو پھول پیش کیے، جس سے ماحول میں جذباتی اور انسانی ہمدردی کی فضا پیدا ہو گئی، سندس فاؤنڈیشن کے ایڈمن حافظ محمد وقاص اور ڈاکٹر مصباح اسلام نے مہمانوں کو ادارے کے کام، علاج کے طریقہ کار، خون کے عطیات کی ضروریات اور تھلیسیمیا کے مریض بچوں کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر محمد عمران بھٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن جیسا ادارہ نہ صرف بیماری کیخلاف جدوجہد کرنیوالے معصوم بچوں کی امید ہے بلکہ ان کے والدین کیلئے ایک مضبوط سہارا بھی ہے،ہم اپنے بچوں میںانسانیت، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم انہیں ایسے اداروں کے دورے کراتے ہیں تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ ضرورت مند افراد کی مدد کرنا انسانیت کا بنیادی تقاضا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دی ایجوکیٹرز سکول اپنی سماجی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے ہم مریض بچوں کی مدد کیلئے سندس فاؤنڈیشن اور ان کے والدین کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ معاشرے میں ایسا ماحول پیدا ہو جہاں ہر ضرورت مند شخص کو مدد، محبت اور سہارا مل سکے، ایسے اقدامات جاری رہیں گے اور سکول مستقبل میں بھی سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں میں بھرپور حصہ لیتا رہے گا۔سندس فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے سکول انتظامیہ اور بچوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے عطیات اور اخلاقی تعاون سے ادارہ زیادہ مستحق مریضوں کی مدد کے قابل ہوتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ معاشرے کے تمام طبقات تھلیسیمیا کے بچوں کی خوشیوں اور صحت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔



