سندھ میں صوبے کے قیام کو مسترد کرتے ہیں،چیئرمین ضلع کونسل سکھر

سکھر(رپورٹ:اورنگزیب ماکو /جانو ڈاٹ پی کے)چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ میں کسی اور صوبے کے قیام کے مطالبے کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والوں کے پیٹ میں "صوبے” کا پُرانہ درد آج بھی ویسا ہی ہے، لیکن بہتر ہوتا کہ وہ سندھ کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر آواز اٹھاتے۔
چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے زرائع ابلاغ سے خصوصی گفتگو ہوئے کہا کہ متحدہ کے رہنما وفاق سے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور ان کے فنڈز کے بارے میں بات کرتے تو عوامی مفاد میں ہوتا، مگر بدقسمتی سے ان کا پُرانہ وطیرہ اور تربیت ہی بول رہی ہے۔
سید کمیل حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ آئینی طور پر بھی سندھ میں نیا صوبہ نہیں بن سکتا۔ پیپلزپارٹی صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں بلاتفریق ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ترقیاتی کام اور صوبے کی تیز رفتار ترقی متحدہ کو ہضم نہیں ہو رہی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی ترقی کا جو وژن دیا ہے، وہ ایم کیو ایم کے لیے ناقابلِ برداشت بنتا جا رہا ہے۔



