سرگودھا کمشنر نے سٹی بیوٹیفکیشن کے 637 ملین روپے کے میگا پراجیکٹ کا افتتاح کردیا

سرگودھا(نامہ نگار) کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے سٹی بیوٹیفکیشن کے میگا پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ سٹی روڈ پر تاجروں کے ساتھ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ منصوبے کا مجموعی تخمینہ 637 ملین روپے رکھا گیا ہے۔ فیسکو کی جانب سے 238 ملین روپے جبکہ ہائی ویز کی جانب سے 399 ملین روپے کی لاگت شامل ہے۔ سٹی بیوٹیفکیشن کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ کو گول چوک مسجد تک دونوں اطراف جدید انداز میں خوبصورت بنایا جائے گا۔فیسکو تمام بجلی کی تاروں اور انفراسٹرکچر کو زیر زمین کرے گا جبکہ ہائی ویز دونوں روڈز کو اسٹیٹ آف دی آرٹ طرز پر تعمیر کرے گا۔ دکانوں کے سامنے نئے، خوبصورت فساڈ بھی بنائے جائیں گے۔ منصوبہ چھ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں سی او ایم سی ماجد بن احمد، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، ایکسین فیسکو کنسٹرکشن محمد مظہر سمیت مختلف محکموں کے افسران، تاجر نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر سرگودہا نے کہا کہ حکومت تاجروں کے لیے مارکیٹوں کو جدید اور محفوظ بنا رہی ہے۔ یہ منصوبہ تاجروں اور عوام دونوں کے فائدے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بازاروں کے اندر بجلی کی تاروں کو زیر زمین کرنے کی اس نوعیت کی کوئی سابقہ مثال موجود نہیں۔ پہلی بار بڑے تجارتی مراکز میں تاروں کو مکمل طور پر انڈر گراؤنڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ کام کے دوران ساتھ تعاون کریں۔ مسائل آئیں گے لیکن مل کر حل ہوں گے۔ منصوبے کا مقصد مارکیٹ کلچر کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے اسے وزیر اعلی پنجاب کا تاریخی قدم قرار دیا جس سے شہر کا منظر بدل جائے گا۔ کمشنر نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں آزاد روڈ اور فیصل بازار کو بھی اسی طرز پر جدید اور خوبصورت بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر پراجیکٹ کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ فیسکو اور ہائی ویز ٹیمیں مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔ تاجروں نے وزیر اعلی کے اقدام کا بھرپور خیر مقدم کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر دعائے خیر بھی کی گئی۔



