وزیر آباد میں معروف صنعتکار راحت نذر کو بھتیجے نے قتل کردیا

وزیرآباد(نامہ نگار)خون سفید ہوگیا،وزیرآباد میں معروف صنعتکار و ایکسپورٹر کو فیکٹری کے آفس میں سگے بھتیجے نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔
وزیرآباد کے علاقہ عارف شہید روڈ پر واقع مقامی صنعتکار اور معروف ایکسپورٹر راحت نذر کو مبینہ طور پر سگے بھتیجے عبد الرحمن عرف طیب نے قتل کر دیا جس کا مقدمہ ان کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،ملزم عبدالرحمان عرف طیب جو کہ مقتول کا سگا بھتیجا ہے جس نے کارخانہ میں موجود چچا کو اکیلے بیٹھے دیکھ کر نامعلوم وجوہات کی بنا ء پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا،ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
مقتول راحت نذر چار بچوں کے والد ہیں جن میں تین کمسن بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے،واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آچُکی ہے، مقتول کو سینے اور گردن کے قریب گولیاں لگیں۔مقتول راحت نذر پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین رہ چکے ہیں اور حال ہی میں وہ حکومتی وفد کے ہمراہ ملائشیا کے دورہ پر وزیرآباد کی کاروباری برادری کی نمائندگی کر کے وطن واپس آئے تھے اور مقامی صنعتکاروں میں بہترین شناخت رکھتے تھے اور شہر کے اعلی ایکسپورٹرز میں جانے جاتے تھے مقتول راحت نذر کی نماز جنازہ ان کے آبائی قبرستان نانگاں والے قبرستان آلہ آباد میں ادا کی گئی۔



