پولیس کو بیگناہ لوگوں کو قتل کرنے کا کوئی اختیار نہیں،گلزاراحمد میمن

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)مسلم لیگ ن کے بدین سے قومی اسمبلی کے امیدوار اور تعلقہ کے صدر گلزار احمد میمن نے بدین میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو یہ اختیار ہرگز نہیں کہ وہ بے گناہ افراد کو گولیاں مار کر قتل کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر رمضان کوسو کے قاتل گرفتار نہ کیے گئے تو سخت احتجاج کیا جائے گا گلزار احمد میمن نے کہا کہ ڈیپلو پولیس نے ولھاری کے نوجوان محمد رمضان کوسو کو 11 گولیاں مار کر قتل کیا، جو نہایت بے رحمانہ اور سفّاکانہ کارروائی ہے۔ یہ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے تھر پولیس کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو قتل کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، ورنہ عوام سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
رمضان کوسو کے قاتل پولیس اہلکاروں کو فی الفور گرفتار کیا جائے
انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی میرپور خاص اور ایس ایس پی مٹھی سے مطالبہ کیا کہ رمضان کوسو کے قاتل پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں فوری گرفتار کیا جائے تاکہ مقتول کے لواحقین اور عوام کی بےچینی ختم کی جا سکے دوسری جانب پبلک سیفٹی کمیشن بدین کے سابق چیئرمین اور سندھ دوست اتحاد کے سربراہ ڈاکٹر عزیز میمن نے بھی ڈیپلو پولیس کے ہاتھوں نوجوان رمضان کوسو کے بےگناہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بدین اور تھر جیسے پرامن اضلاع میں پولیس کو اس قسم کی من مانی اور بےگناہ افراد کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ڈاکٹر عزیز میمن نے مطالبہ کیا کہ رمضان کوسو کے قتل کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔



