ڈائریکٹر کنٹرولر اوزان وپیمائش کا دورہ بدین،رائس ملز مالکان اور کاشتکاروں کےمسائل سنے
امر رائس ملزکے کانٹے میں فرق پکڑا گیا،ملز سیل کردی گئی

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)کاشتکاروں کی جانب سے رائس ملز کے کانٹوں اور موئسچر مشینوں کے حوالے سے مسلسل شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر کنٹرولر اوزان و پیمائش سندھ رحان محمد خان ایک روزہ دورے پر بدین پہنچے، جہاں انہوں نے دربار ہال میں رائس ملز مالکان اور کاشتکاروں کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی نے کہا کہ رائس مل مالکان اور کاشتکاروں کے درمیان زیادہ تر مسائل حل ہو چکے ہیں،محکمہ ریونیو اور محکمہ اوزان و پیمائش کسی بھی شکایت کی صورت میں رائس ملز کے کانٹے بروقت چیک کرتا ہے۔
ڈائریکٹر کنٹرولر رحان محمد خان نے کہا کہ موئسچر مشینوں کی تصدیق کے لیے حکومت سندھ کا ادارہ پی سی ایس آئی آر سچل گوٹھ کراچی میں موجود ہے۔رائس ملزمالکان نئی موئسچر مشین خریدنے کے بعد اس ادارے سے اس کی تصدیق ضرور کرائیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر کی تصدیق کے بعد ہی ان مشینوں کے ذریعے موئسچر کی کٹوتی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ رائس مل مالکان اور کاشتکار دوستانہ ماحول میں کام کریں اور دونوں میں سے کسی کو بھی نقصان نہ ہو۔ غلط فہمیاں دور کرنے کا بہترین طریقہ ٹیبل ٹاک ہے اجلاس کے دوران صدر سندھ چیمبر آف ایگری کلچر شاہنواز جمالی اور جنرل سیکرٹری وفا لطیف جوکھیو نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ رائس مل کے کانٹے اور دیگر کانٹوں میں وزن کے واضح فرق سامنے آتے ہیں۔ رائس مل مالکان موئسچر جانچنے کے لیے ناکارہ مشینوں کا استعمال بھی کرتے ہیں جس سے آبادگاروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے اس پر ڈائریکٹر کنٹرولر رحان محمد خان نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع بدین کی رائس ملز کے کانٹے اچانک چیک کیے جائیں گے۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، دھوکا دہی کرنے والوں کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا
انہوں نے حیدرآباد روڈ پر امر رائس مل اور سونا رائس مل کے کانٹوں کا معائنہ کیا،جس میں امر رائس ملز کے کانٹے میں فرق ثابت ہونے پر اسے سیل کر دیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کنٹرولر سندھ افتخار میمن، اسسٹنٹ کنٹرولر حیدرآباد ڈویژن شوکت عالمانی، اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دِلپت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ کنٹرولر بدین رجب میمن، اے ایس آئی عبدالغفور کنبھار، رائس مل ایسوسی ایشن کے صدر عبدالشکور میمن، انور ملاح، حاجی قاسم چانڈیو سمیت دیگر آبادگار اور رائس مل مالکان بھی موجود تھے۔



