قبل ازوقت بچوں کی پیدائش کےمسئلہ پر توجہ دینا ہوگی،ڈاکٹر شہلا تبسم
کینگرو مدر کیئر پراجیکٹ،مٹھی میں آگاہی سیمینار

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)آغا خان یونیورسٹی کے پروجیکٹ کینگرو مدر کیئر کی جانب سے مٹھی کے رائل پلس ہوٹل میں قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک آگاہی سیمینار ہوا۔ سیمینار میں یونیسف کی ڈاکٹر شہلا تبسم، ضلع صحت افسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھ راج سارنگانی، محکمہ صحت کے عملے، پیرا میڈیکل اسٹاف، کمیونٹی مڈ وائف اسکول، آغا خان یونیورسٹی کی ٹیم، غیر سرکاری تنظیموں، سماجی کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یونیسف کی ڈاکٹر شہلا تبسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آغا خان یونیورسٹی کے پروجیکٹ کینگرو مدر کیئر کی ٹیم نے ایسا عمدہ اور آگاہی پر مبنی سیمینار منعقد کر کے ایک بہترین قدم اٹھایا ہے،ماں کی اچھی صحت ہی صحت مند بچے کی ضمانت ہوتی ہے، جبکہ کمزور مائیں اکثر قبل از وقت بچوں کو جنم دیتی ہیں،جو اب ایک عام مسئلہ بنتا جا رہا ہے جس پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے اور کم وزن بچوں کی صحت کے لیے کینگرو مدر کیئر پروجیکٹ مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ اس پروجیکٹ کا دائرہ مزید بڑھایا جائے تاکہ پوری تھر کی عوام اس سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔ ضلع ہیلتھ افسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھ راج سانگاڻي نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر ماں اور بچے کی صحت اور آگاہی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کے لیے ہم مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی کا یہ پروجیکٹ تھر کی عوام کو بڑی حد تک فائدہ دے رہا ہے اور میں چاہوں گا کہ یہ پروجیکٹ پورے ضلع تھرپارکر میں لاگو کیا جائے تاکہ قبل از وقت بچوں کی اموات کی شرح کم کی جا سکے۔
بچوں کے ماہر ڈاکٹر صاحب ڈنو جنجھی، ڈاکٹر سکندر رضا حاجاڻو اور ڈاکٹر دلپت رائے نے جدید دور میں کینگرو مدر کیئر کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے کو ماں کے سینے سے لگا کر اس کا درجہ حرارت برقرار رکھا جا سکتا ہے اور اسے جسمانی سردی سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کی تکلیف اور اس کے علاج کا مرحلہ نہایت اہم ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ بچے کو ٹھنڈ لگنے سے بچایا جائے۔
اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر منیتا کماری نے کہا کہ کینگرو مدر کیئر پروجیکٹ کو چند مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے اسے پورے ضلع کی سطح تک بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں ہمارا تعاون ہمیشہ جاری رہے گا۔ کمیونٹی مڈ وائف اسکول کی ہیڈ اور شفا فاؤنڈیشن کی ضلعی کوآرڈینیٹر مریم جروار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کے لیے سب کو مل کر ایک دوسرے کے تعاون سے کوششیں کرنی چاہیئیں۔ انہوں نے کہا کہ کینگرو مدر کیئر پروجیکٹ کی ٹیم بہترین کام کر رہی ہے جسے اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھنا چاہیے۔ سیمینار کے آخر میں آغا خان یونیورسٹی کے پروجیکٹ کینگرو مدر کیئر کے ضلعی سپروائزر عبداللہ آس ہنگورجو نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔



