ڈی سی بدین کی کھلی کچہری، عوامی شکایات موقع پر حل،رشوت لینے والوں کیلئے سخت وارننگ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ کام۔پی کے) ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے مختیارکار آفس بدین میں عوامی بیٹھک منعقد کی، جس میں ریونیو سے متعلق عوامی مسائل اور شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بیٹھک کے دوران ڈی سی بدین نے درخواست گزاروں، سائلین اور مختیارکار آفس کے عملے سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے لوگوں کے مسائل سنے اور متعدد شکایات کا موقع پر ہی فوری حل کرایا ڈپٹی کمشنر بدین نے کہا کہ ریونیو محکمہ میں شفافیت، بہتر سروس ڈلیوری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور ریونیو سے متعلق ہر شکایت کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا انہوں نے عوام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مختیارکار آفس میں کوئی بھی شہری کسی بھی کام کے لیے رقم ادا نہ کرے کیونکہ سرکاری امور میں رشوت، تاخیر یا غیر ضروری رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کوئی ملازم غیر قانونی رقم کا مطالبہ کرے یا بلا وجہ کام میں تاخیر کرے تو متاثرہ فرد بلا جھجھک اور بغیر کسی سفارش کے سیدھا ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کرے، جہاں اس کا مسئلہ بلا تفریق فوری طور پر حل کیا جائے گا ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ زمینوں کی داخلہ، سندوں کی تصدیق، نام کی منتقلی، پٹواری آپریشن اور دیگر ریونیو معاملات میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بیٹھکوں کا مقصد لوگوں کو ان کا جائز حق دینا اور ریونیو خدمات کو مزید بہتر بنانا ہے بیٹھک کے دوران متعدد درخواست گزاروں کے مسائل سنے گئے، متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کی گئیں اور کئی شکایات کا حل موقع پر ہی کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا گیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، مختیارکار بدین اسلم جمالي اور اکاؤنٹ آفیسر فوٹو خان کھوکھر بھی موجود تھے



