مٹھی:کلوئی میں محتسب اعلیٰ کی کھلی کچہری، محکموں کے خلاف شکایات کے انبار لگ گئے

مٹھی (رپورٹ:میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) تھر سٹیزن فورم کی درخواست پر کلوئی میں محتسب اعلیٰ تھرپارکر نے کھلی کچہری لگائی جس میں شہریوں نے مختلف سرکاری محکموں کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔
ویٹرنری ہسپتال، صحت، تعلیم، صفائی، کوئلے اور اینٹوں کی بٹھیاں اور ادویات کی قلت کے خلاف شکایات کی گئیں۔
اس موقع پر شہریوں سے تحریری درخواستیں وصول کی گئیں۔
محتسب اعلی’ تھرپارکر محمد عمر پنہور نے یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ یہاں کے عوام کے مسائل جلد حل کروں گا۔ ان کے جو بھی جائز مطالبات ہیں انہیں اعلیٰ حکام سے بات کرکے حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی تھرپارکر، ایس ایس پی تھرپارکر اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی کھلے عام اجلاس منعقد کرکے عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے کوششیں کریں۔
کھلی کچہری میں چیف محتسب اعلیٰ تھرپارکر مختیارکار کلوئی، چیئرمین یونین کونسل کلوئی، ایس ایچ او کلوئی اور دیگر نے شرکت کی۔



