ٹرانسپورٹ اور روابط معاشی ترقی کے زینے ہیں، عبدالعلیم خان کا ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس سے افتتاحی خطاب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور کنیکٹیویٹی معاشی ترقی کے زینے ہیں۔وہ اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا مربوط نظام ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور حکومت اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز کی تعمیر حکومت کے عزم کا مظہر ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی مطابقت رکھنے والے نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان خطے کے دیگر ممالک سے روابط بڑھا رہا ہے اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے ذریعے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے شاہراہوں اور سڑکوں کی بہتری پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے تاکہ خطے میں آمدورفت، تجارت اور معاشی ترقی کے نئے دروازے کھل سکیں۔



