ارباز خان نے نومولود بیٹی کا منفرد نام رکھ لیا

ممبئی(jano.pk)بالی ووڈ کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ارباز خان نے نومولود بیٹی کا منفرد نام رکھ لیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار اور پروڈیوسر ارباز خان اور ان کی اہلیہ مشہور میک اپ آرٹسٹ شورا خان نے اپنی نومولود بیٹی کے نام کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کو بتایا ہے کہ بیٹی کا نام ’سپارہ خان‘ رکھا ہے۔ارباز اور شورا نے نئے باب کا آغاز ہونے پر محبت کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جوڑے کو بیٹی کی پیدائش پر مبارکباد دے رہے ہیں۔
شورا نے اتوار 5 اکتوبر 2025 کو ممبئی کے پی ڈی ہندوجا اسپتال میں بیٹی کو جنم دیا جہاں انہیں 4 اکتوبر کو داخل کروایا گیا تھا، ماں اور بچی دونوں صحت مند اور خیریت سے ہیں۔سلمان خان بھی گزشتہ دنوں سخت سیکیورٹی میں بھتیجی کو دیکھنے کے لیے اسپتال پہنچے تھے۔ارباز کو بھی نوزائیدہ کو گود میں لے کر اسپتال سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ ارباز اور شورا 24 دسمبر 2023 کو ممبئی میں ارپیتا خان شرما کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔



