جنت مرزا کا بولی وڈ فلم میں کام سے انکار کا دعویٰ، کارتک آریان کے ساتھ فلم کی پیشکش کا انکشاف

جنت مرزا اس سے قبل بھی متعدد انٹرویوز میں یہ دعویٰ کر چکی ہیں کہ انہیں پاکستان کے مقبول ڈراموں میں اداکاری کی پیشکش ہوئی

لاہور (شوبز ڈیسک): سوشل میڈیا پر مقبول ٹک ٹاک اسٹار، ماڈل اور اداکارہ جنت مرزا کی ایک پرانی ویڈیو ایک بار پھر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ دعویٰ کرتی نظر آ رہی ہیں کہ انہیں بھارتی اداکار کارتک آریان کے ساتھ فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے یہ آفر قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

وائرل ویڈیو جنت مرزا کے 2020 میں دیے گئے ایک یوٹیوب انٹرویو کا حصہ ہے، جس میں وہ اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کر رہی تھیں۔ اس انٹرویو میں جنت مرزا نے اعتراف کیا تھا کہ انہیں بولی وڈ فلم میں کام کی پیشکش ہوئی، تاہم انہوں نے یہ آفر مسترد کر دی کیونکہ انہیں بھارت جا کر کام کرنے میں دلچسپی نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک تو ان کے والد انہیں بھارتی فلم میں کام کی اجازت نہیں دیتے، دوسرا ان کی خود بھی ایسی کوئی خواہش نہیں ہے۔ جنت مرزا نے کہا کہ انہیں بھارت جا کر شہرت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ وہ اپنے وطن میں کام کر کے ہی مطمئن ہیں۔

جنت مرزا اس سے قبل بھی متعدد انٹرویوز میں یہ دعویٰ کر چکی ہیں کہ انہیں پاکستان کے مقبول ڈراموں میں اداکاری کی پیشکش ہوئی، جن میں ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں کبریٰ خان اور ’پری زاد‘ میں اشنا شاہ کے کردار شامل ہیں، مگر انہوں نے ان میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اداکارہ پنجابی فلم تیرے باجرے دی راکھی میں کام کر چکی ہیں، جس کے ہدایتکار سید نور اور اداکارہ صائمہ ان کی والدہ کے کردار میں تھیں، تاہم یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔

جنت مرزا مختلف برانڈز کے اشتہارات میں تو جلوہ گر ہو چکی ہیں مگر تاحال کسی بڑے بجٹ کی پاکستانی یا غیر ملکی فلم یا ڈرامے میں کام نہیں کیا۔ وائرل ویڈیو میں ان کے دعوے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے، تاہم انہوں نے کارتک آریان کے ساتھ پیشکش کی گئی فلم کا نام یا پروجیکٹ کی دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔

مزید خبریں

Back to top button