مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ سی ڈی اے کے نشانے پر آگئی

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے نوٹس آویزاں کردیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کے نوٹس میں رہائش گاہ کے سیٹ بیکس میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ اتھارٹی کی اراضی پر گارڈ پوسٹس اور جنریٹر نصب کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں مبینہ خلاف ورزیاں 15 روز کے اندر ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ عدم تعمیل پر رہائش گاہ کو سیل کرنے اور مبینہ غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کے اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔



