اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ،پائلٹ سمیت6افراد لاپتا، ہلاکتوں کا خدشہ

بھارت (جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقے جوشی مٹھ کے قریب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار پائلٹ اور پانچ مسافر لاپتا ہوگئے ہیں، جبکہ ان کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر بدری ناتھ کے معروف ہندو مذہبی مقام سے دیہرادون کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔

اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بتایا کہ انہیں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حادثہ جوشی مٹھ کے قریب ایک گاؤں میں پیش آیا۔ ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں اور علاقے میں موجود فوجی اہلکاروں نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی حالت کے بارے میں تاحال واضح معلومات سامنے نہیں آسکیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تاہم علاقے میں شدید بارش اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی ٹی وی چینلز کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں، جہاں آگ اور دھوئیں کے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button