پاکستان اور ترکیہ دو جان ایک قالب ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاع کا عکاس ہے، گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران جب پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو ترکیہ پاکستان کے ساتھ آن کھڑا ہوا اور کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان اور ترکیہ دو جان ایک قالب ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے 103 ویں یوم جمہوریہ پر ترکیہ کے سفیر کی رہائش گاہ پر عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی تعلیمی ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں اشتراک عمل ہے۔
آج اسلام اباد میں چاند تاروں کے جھرمٹ میں ہم ترکیہ کا 103 ویں یوم جمہوریہ منا رہے ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ترک صدر اردوان، حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، ترکیہ نے غازی مصطفی کمال پاشا اور قائدین کی قیادت مین جمہوریہ قائم کی اور آج ترکیہ دفاعی ٹیکنالوجیز اور دیگر شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات پاکستان کے قیام سے بھی قدیم ہیں، تحریک خلافت کے دوران برصغیر کی ماؤں نے اپنے زیورات پیش کیے، دہائیوں بعد جب زلزلے نے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا تو ترکیہ پاکستان کی امداد کو آنے والا پہلا ملک تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تباہ کن سیلابوں میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، ترک خاتون اول امینے اردوان نے اپنا نیکلس سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دیا، ترک عوام نے بھی انقرہ، استنبول اور اناطولیہ میں اپنے رہنماؤں کی کال پر پاکستانیوں کے لیے دل کھول دیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سو برس قبل کی تحریک خلافت اور زلزلے اور سیلاب پر ترکیہ کی امداد وقت کے ایک ہی لمحے، گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران جب پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو ترکیہ ہمارے ساتھ آ کھڑا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی، تعلیم، ثقافت اور دفاعی تعاون میں دونوں ممالک کا اشتراک ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور دفاع کا عکاس ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جولائی میں استنبول میں میں نے کراچی میں طیپ اردوان اکنامک زون کے قیام کا اعلان کیا تھا، پاکستان ترکیہ ایک دل دو روحیں ہیں۔
ترکیہ سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اولو نے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ تاریخ میں ہمیشہ پاکستان اور ترکیہ کی قومیں اکٹھی رہی ہیں، پاکستان کو چوٹ پر ترکیہ درد محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف تاریخی تعلقات کو ایک پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنا ہے، جس کی ایک شان دار مثال مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے، سفیر عرفان نذیر اولو نے اس موقع پر ترک صدر رجپ طیب اردوان کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
قبل ازیں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، مہمانوں نے مشترکہ طور پر کیک بھی کاٹا اور عشایے میں خصوصی طور پر موسیقی کا انتظام کیا گیا تھا، جس کو شرکا نے بے حد سراہا۔



