پاک اقوام متحدہ کانفرنس،موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلےکیلئے عالمی تعاون بڑھانےکی اپیل
پاک اقوام متحدہ کانفرنس، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)پاک اقوام متحدہ کانفرنس کے تیسرے روز موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے خلائی اور جیو اسپیشل ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز رہی۔ کانفرنس کے دوران تین تکنیکی سیشنز اور دو پینل مباحثے منعقد ہوئے، جن میں ملکی و غیر ملکی ماہرین نے شرکت کی۔
سپارکو کے مطابق عالمی ماہرین نے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، ماحول کے تحفظ اور قدرتی آفات کی بروقت نگرانی میں خلائی ٹیکنالوجی کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر سیٹلائٹ کے ذریعے فضائی آلودگی، جنگلات اور گلیشیئرز کی نگرانی کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
کانفرنس میں شدید بارشوں، خشک سالی اور زرعی پیداوار کی نگرانی کے لیے جیو اسپیشل ٹیکنالوجی سے استفادے پر گفتگو ہوئی۔ ماہرین نے قدرتی آفات سے بروقت آگاہی اور ممکنہ نقصانات کم کرنے کے لیے قبل از وقت انتباہی نظاموں میں خلائی معلومات کے استعمال پر زور دیا۔
شرکا نے سیلاب سے بچاؤ اور موسمیاتی خطرات میں کمی کے لیے مضبوط بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ شعبوں کے لیے مالی معاونت کے اقدامات میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سپارکو کے مطابق ماہرین نے ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون بڑھانے اور خلائی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادے کی اہمیت پر زور دیا۔



