ٹرائی نیشن سیریز: آج انگلینڈ اور سری لنکا آمنے سامنے ہونگے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز میں آج انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جہاں انگلش ٹیم سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ یہ انگلینڈ کا سیریز میں آخری میچ ہوگا، جس میں ٹیم جیت کے ساتھ اختتام کرنے کی کوشش کرے گی۔
سیریز میں پاکستان تین فتوحات جبکہ سری لنکا دو کامیابیوں کے ساتھ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، اس لیے آج کے مقابلے میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی جیت حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل ہفتے کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔



