کرسٹیانو رونالڈو نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا

لزبن(ویب ڈیسک) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنے دیرینہ حریف لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے رونالڈو کے 2007-08 کے سیزن کو بیلن ڈی اور جیتنے والے سیزنز میں بہترین قرار دیا گیا ہے۔
فرانس فٹبال کی جانب سے بیلن ڈی اور ایوارڈ کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرائے گئے خصوصی ایوارڈ ’بی او اے ٹی‘ کے لیے شائقین نے ووٹنگ میں حصہ لیا، جس میں رونالڈو پہلے نمبر پر رہے۔
ووٹنگ میں ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی اپنے 2012 کے سیزن کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے، جب انہوں نے ایک کیلنڈر سال میں ریکارڈ 91 گول کیے تھے۔ رونالڈو کا ریال میڈرڈ کے ساتھ 2017 کا سیزن تیسرے نمبر پر رہا۔
تاہم ووٹنگ کے طریقہ کار پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ ہر ووٹ کے لیے ایک یورو فیس مقرر تھی اور شائقین متعدد مرتبہ ووٹ ڈال سکتے تھے۔ منتظمین کے مطابق پانچ ہزار سے زائد افراد نے ایک سے زیادہ مرتبہ ووٹ دیا، جس کے باعث زیادہ رقم خرچ کرنے والے افراد کے زیادہ ووٹ ڈالنے کا امکان پیدا ہوا۔
رونالڈو نے 2007-08 کے سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے تمام مقابلوں میں 42 گول اسکور کیے تھے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے ٹیم کو انگلش پریمیئر لیگ اور یوئیفا چیمپئنز لیگ کے ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔



