ٹنڈو باگو:سید سمن سرکار کے عرس پر جیب کتروں کی یلغار،16گرفتار،موبائل فون اور نقدی برآمد

ٹنڈوباگو (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار کے سالانہ عرس و میلے میں جیب کتروں نے سیکڑوں عقیدت مندوں اور زائرین کی جیبوں کا صفایا کردیا، نامعلوم جیب کتروں نے میلے میں آنے والے زائرین کے موبائل فونز اور نقدی چوری کرلی، جس کے باعث زائرین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ میلے میں جیب تراشی کی مسلسل وارداتوں نے سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، حیرت انگیز امر یہ ہے کہ جیب کتروں کے خلاف کارروائیوں اور گرفتاریوں کے باوجود وارداتوں کا سلسلہ رکنے میں نہیں آرہا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیب کتروں نے میلے کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور ہجوم کا فائدہ اٹھا کر زائرین کو لوٹ رہے ہیں۔ جیب تراشی کے واقعات کے حوالے سے سی آئی اے انچارج ضلع بدین علم خان عباسی نے بتایا کہ میلے سے اب تک 16 جیب کتروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، تاہم گرفتار ملزمان سے کتنے موبائل فونز اور کتنی نقدی برآمد ہوئی، جبکہ ان کے خلاف کیا قانونی کارروائی کی گئی، اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب جیب کتروں کی مبینہ مسلسل کارروائیوں کے باعث میلے میں آنے والے عقیدت مندوں اور زائرین میں تشویش پائی جاتی ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میلے میں سیکیورٹی مزید سخت کرکے جیب تراشی کی وارداتوں کا سدباب کیا جائے اور متاثرہ زائرین کی مسروقہ اشیا کی برآمدگی یقینی بنائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button