بدین:سید سمن سرکار کے 95ویں سالانہ عرس اور میلے کا افتتاح،صوبائی وزیر اوقاف نے چادر چڑھائی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار کے 95ویں عرس اور میلے کی تقریبات کا سرکاری افتتاح، صوبائی وزیر اوقاف نے چادر چڑھائی۔سندھ اولیاء کرام کی دھرتی ہے، بزرگانِ دین نے ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا، ریاض شاہ شیرازی؛ سمن سرکار کا میلہ سندھ کے بڑے میلوں میں شمار ہوتا ہے، لاکھوں زائرین حاضری دیتے ہیں، ارباب امیر امان اللہ۔زائرین کی بڑی تعداد کی آمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات۔
سندھ کے معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار کے 95ویں سالانہ عرس اور میلے کی تقریبات کا سرکاری افتتاح صوبائی وزیر اوقاف اور مذہبی امورسندھ ریاض شاہ شیرازی نے درگاہ پر چادر چڑھا کر کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ارباب امیر امان اللہ نے بھی درگاہ پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف ریاض شاہ شیرازی نے کہا کہ سندھ دھرتی اولیاء کرام کی سرزمین ہے، جہاں کے بزرگانِ دین نے ہمیشہ امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا ہے۔ اولیاء کرام کی درگاہیں روحانی فیض اور رہنمائی کے مراکز ہیں، جہاں عقیدت مندوں کو سکون اور رہنمائی ملتی ہے۔ریاض شاہ شیرازی نے کہا کہ محکمہ اوقاف درگاہوں پر آنے والے زائرین کی مشکلات دور کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ درگاہوں پر ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کیونکہ اپنی ثقافت سے وابستگی قوموں کی شناخت اور تشخص کی بنیاد ہوتی ہے۔ جو قومیں اپنی ثقافت کو فراموش کر دیتی ہیں، وہ دنیا میں اپنا مقام اور پہچان کھو بیٹھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید سمن سرکار سمیت سندھ کی مختلف درگاہوں کے میلوں میں گھوڑوں کی دوڑ جیسی روایتی سرگرمیاں سندھ کی قدیم، وسیع اور زرخیز ثقافت کی عکاسی کرتی ہیں، جن کا تحفظ اور فروغ ضروری ہے صوبائی وزیر اوقاف اور مذہبی امور نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر کہا کہ ملک کے آئین میں صوبوں کے حقوق واضح طور پر متعین ہیں اور اس معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف سب کے سامنے ہے انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کے خلاف قراردادیں پاس کرچکی ہے اب کوئی اور ایسا آئینی راستہ موجود نہیں کہ نئے صوبے بن سکیں وفاقی حکومت چاہے جتنی ترامیم کرلے صوبوں کی مرضی اور منظوری کے بغیر نئے انتظامی یونٹ یا صوبے نہیں بن سکتے۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ارباب امیر امان اللہ نے کہا کہ سید سمن سرکار کا سالانہ میلہ سندھ کے بڑے میلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال لاکھوں زائرین عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت دیگر شعبوں کی طرح درگاہوں کی ترقی اور بہتری پر بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، تاکہ زائرین کو درگاہوں پر حاضری کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں بہتر سہولتیں میسر آ سکیں ادھر۔عرس اور میلے کی تقریبات کے آغاز پر درگاہ اور اس کے اطراف زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے ہیں تاکہ عقیدت مند پُرامن ماحول میں مذہبی و روحانی تقریبات میں شرکت کر سکیں اور میلے کی روایتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں



