صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی اگھم کوٹ میں بی بی ماہم علیہا السلام کے مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر سندھ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے گلاب لغاری کے قریب سندھ کے تاریخی مقام اگھم کوٹ پہنچ کر معصومۂ سندھ بی بی ماہم بنت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے مزار مبارک پر چادر چڑھائی، جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ مزار کی تعمیر ہر صورت میں جون 2027ء تک مکمل کی جائے اس موقع پر سیکریٹری اوقاف سندھ آغا فاخر حسین اور چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف سندھ مختیار علی ابڑو بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر کو جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس کے بعد انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا مذہبی امور کمیٹی اور محکمہ اوقاف کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ اہلِ بیت اور ائمہ کرام کی قربانیاں اسلامی تاریخ کا اہم باب ہیں۔ بی بی ماہم بنت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے مزار مبارک پر دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مند اور زائرین حاضری دینے آتے ہیں، اس لیے انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا محکمہ اوقاف اور حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ سندھ میں دیگر بزرگانِ دین اور اولیائے کرام کی درگاہوں پر بھی زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بی بی ماہم علیہا السلام کے مزار کی تعمیر کے ساتھ ساتھ زائرین کی رہائش کے لیے مسافر خانہ، واش رومز، آر او پلانٹ اور درگاہ تک آنے والے تمام راستوں کی تعمیر و بہتری کو بھی یقینی بنایا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے منتخب نمائندوں اور اراکینِ صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے زائرین کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔

مزید خبریں

Back to top button