سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا، گرین شرٹس 110 رنز پر ڈھیر

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 25.3 اوورز میں صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی اور ٹاپ آرڈر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ حسن نواز نے 17، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15، عرفات منہاس نے 10 اور سلمان علی آغا نے 9 رنز بنائے۔ فخر زمان 5، معاذ صداقت 8، سعد بیگ 5، شاداب خان 2 اور حارث رؤف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاداب خان کیچ آؤٹ ہوئے تو وہ ریویو لینا چاہتے تھے، تاہم پاکستان کے پاس کوئی ریویو باقی نہیں تھا۔ پوری ٹیم 25.3 اوورز میں 110 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز میں پاکستان کا تیسرا کم ترین اسکور ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین بولنگ کارکردگی ہے۔ سہان آراچیگے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے پراعتماد بیٹنگ کی۔ کامیندو مینڈس نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ ایوشکا فرنینڈو نے 16 اور کوشال مینڈس نے 8 رنز بنائے۔ سری لنکا نے ہدف 18 اوورز میں صرف 2 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اس شکست کے باوجود سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔



