پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، امیر مقام

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت اور عوامِ پاکستان مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ جب تک ایک بھی پاکستانی اور کشمیری زندہ ہے، کشمیری عوام کی حمایت کا عزم برقرار رہے گا۔ پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں، تاہم بھارتی قوانین اور سزائیں کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو ختم نہیں کر سکتیں۔
اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیر کو عالمی سطح پر ایک متنازع علاقہ تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق 57 مسلم ممالک نے اقوام متحدہ سے کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دعوؤں کے برعکس مسئلہ کشمیر ایک حل طلب تنازع ہے، جس کا منصفانہ حل ضروری ہے۔
حریت رہنما نے اعلان کیا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد، مظفرآباد اور گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں اور علاقوں میں تقریبات اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا سکے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔



