میر رضا علی خان کیس، جے آئی ٹی میں این سی سی آئی اے کا افسر شامل، ڈیجیٹل شواہد کی جانچ ہوگی

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) میر رضا علی خان کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے افسر کو شامل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد کیس کی تحقیقات میں ڈیجیٹل شواہد اور تکنیکی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر کو جے آئی ٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں این سی سی آئی اے کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ کو باضابطہ خط ارسال کر دیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے جے آئی ٹی کو ڈیجیٹل شواہد کے تجزیے اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ تحقیقات کے دوران موبائل فونز، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور کرپٹو کرنسی سے متعلق ریکارڈ کی جانچ بھی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق این سی سی آئی اے کی شمولیت سے کیس کے ڈیجیٹل اور تکنیکی پہلوؤں کی چھان بین میں مدد ملے گی، جبکہ متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ تحقیقات کے سلسلے کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔



