جنوبی پنجاب صوبہ بننا چاہیے، پیپلزپارٹی نے اتفاق رائے پیدا کیا، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بننا چاہیے اور پیپلزپارٹی نے اس مقصد کے لیے سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ نئے صوبوں کے قیام پر بات ہوگی تو ملک کے تمام پسماندہ علاقوں کے مسائل اور ضروریات کو بھی اہمیت دینا پڑے گی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے قیاس آرائیوں اور مفروضوں کی بنیاد پر کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔ اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے حقائق کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گورنر راج نافذ کرنا آخری آپشن تھا اور یہ کوئی خوشی کی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلان کے باعث بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو رہی تھی۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ اکثریت کی رائے سے کیا گیا۔
پاکستان کے سفارتی کردار پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، جو ملک کے لیے اہم پیش رفت ہے۔



